Take a fresh look at your lifestyle.

تھوڑا سا اور ۔ محمد سلیم

سن 1976 کے اولمپک مقابلوں کے دوران میں سو میٹر کی دوڑ کے آخری مرحلے میں کل آٹھ کھلاڑی شریک تھے۔ سونے کا تمغہ جیتنے والا کھلاڑی باقی کے آٹھ کھلاڑیوں سے صرف ایک سیکنڈ کا دسواں حصہ زیادہ تیز تھا۔ رفتار میں بہت ہی تھوڑا سا فرق مگر نتائج میں بہت بڑا فرق۔
امریکہ میں ہونے والی ایک گھڑ دوڑ میں جیتنے والے گھوڑے کو دس لاکھ ڈالر کا انعام ملا، دوسرے نمبر پر آنے والے گھوڑے کو جو جیتنے میں فقط ناک کے فرق سے رہ گیا تھا محض پچھتر ہزار ڈالر ملے۔ مسافت میں اتنا مہین سا فرق مگر نتائج میں بہت بڑا فرق۔

ایک قانون جان لیجیے کہ اگر آپ اپنی نوکری پر جانے سے ایک گھنٹہ پہلے جاگ جاتے ہیں، اور اپنی فیلڈ سے متعلقہ کوئی بھی کتاب پڑھتے ہیں تو گویا آپ ہفتے بھر میں سات گھنٹے مطالعہ کر لیں گے۔ کچھ ہی عرصہ کے بعد، آپ کا علم اپنے دفتر کے تمام ساتھیوں میں زیادہ ہوگا۔ اور آپ کے ساتھی آپ سے مشورہ لیا کریں گے کیونکہ آپ ہی ان میں زیادہ تجربے والے شمار ہو رہے ہوں گے۔ محض تھوڑا سا اضافہ مگر نتائج میں بہت بڑا فرق۔

اگر آپ مسجد میں نماز سے تھوڑا سا پہلے یا اذان ہوتے ہی جانا شروع کر دیں تو آپ نماز سے پہلے پہلے کم از کم قرآن مجید سے دس صفحات پڑھ پائیں گے۔ اگر آپ ایسا دو نمازوں میں ہی کر لیں تو روزانہ بیس صفحات کی تلاوت شروع ہو جائے گی۔ اس کا مطلب تقریبا ایک سی پارہ یومیہ یا ایک سو چالیس صفحے ہفتہ وار یعنی ایک ختم قرآن ہر مہینے۔ محض تھوڑا سا اضافہ مگر نتائج میں بہت بڑا فرق۔

ایک باپ اپنے پرائمری کے طالبعلم بیٹے کے ساتھ رات کا کھانا لگتے لگتے پندرہ منٹ کے لیے مل کر کوئی انگریزی کی کتاب پڑھتا تھا۔ اب اس کا بیٹا مڈل سکول میں ہے لیکن انگریزی کی کوئی بھی کتاب بغیر کسی مسئلے کے پڑھ لیتا ہے۔ وقت میں محض تھوڑا سا اضافہ مگر نتائج میں بہت بڑا فرق۔

خلاصہ: تھوڑے سے اضافے کا قانون اپنی زندگی کے ہر شعبے میں لاگو کر لیجیے، اپنے کام کو دیکھیے، اپنے تعلقات کو دیکھیے، اپنی صحت کو دیکھیے، اپنے بچوں کو دیکھیے، اور اپنے ہر اس کام کو دیکھیے جس میں آپ تھوڑا سا اضافہ کر سکتے ہیں اور اپنے گرد و نواح میں ہر اس ناطے کو دیکھیے جس میں آپ تھوڑے سے اور کا اضافہ کر کے بڑی تبدیلی لا سکتے ہیں۔ زندگی میں بہت ساری ایسی چیزیں ہیں جو تھوڑے سے اور اضافے کے ساتھ بہت بڑی تبدیلی سے جڑی ہوئی ہیں۔ تھوڑا سا اور اضافے کا قانون اپنے آپ پر لاگو کرنے سے بہت ساری کامیابیاں آپ کے قدموں میں۔

یاد رکھیے کہ اس تھوڑے سے فرق کے ساتھ ہی ہر ناکامی اور ہزیمت جڑی ہوئی ہے۔ تھوڑا سا فرق اور اتنے بڑے بڑے نقصانات!! ان کا سوچیے جن کا فرق دنوں اور راتوں کا ہو!!