Take a fresh look at your lifestyle.

صورت یا سیرت ۔ مولانا وحید الدین خان

اکثر نوجوان یہ خواب دیکھتے رہتے ہیں کہ ان کو خوبصورت بیوی مل جائے مگر یہ صرف ایک نادانی کی خواہش ہے۔ نام نہاد خوب صورت عورت اکثر پر مسائل بیوی (problem wife) ثابت ہوتی ہے۔ ایسی عورت کی دل کشی صرف چند دن کی ہوتی ہے اور اس کے بعد سارا جنون ختم ہو جاتا ہے- حقیقت یہ ہے کہ نکاح کے معاملے میں آدمی کو اصل اہمیت سیرت کو دینا چاہئے جو عورت سیرت میں اچھی ہو، وہی سب سے اچھی بیوی ہے۔

فرینکفرٹ یونیورسٹی کے ماہر نفسیات ڈاکٹر جان نے ایک جائزے میں بتایا کہ زیادہ خوبصورت لڑکیاں عام طور پر زندگی میں ناکام رہتی ہیں۔ دل کش عورتیں سمجھتی ہیں کہ خوبصورتی ان کا واحد سرمایہ ہے اور بڑھاپے کو وہ برداشت نہیں کرسکتیں۔ میری لین مانرو، جو ہالی وڈ کی ایک انتہائی خوب صورت عورت تھی، کہا جاتا ہے کہ وہ اس وقت بری طرح رونے لگی، جب اس نے آئینے میں پہلی بار اپنے چہرے پر جھریوں کے نشانات دیکھے۔

جس آدمی کو پرکشش عورت نہ ملے، وہ زیادہ خوش قسمت ہے کیونکہ غیرپرکشش عورت عملی زندگی میں زیادہ بہتر رفیق ثابت ہوتی ہے۔ نکاح کا مقصد ایک نسوانی کھلونا حاصل کرنا نہیں ہے، بلکہ نکاح کا مقصد یہ ہے کہ آدمی کو ایک کار آمد رفیقہ حیات مل جائے اور بہتر رفیقہء حیات وہی ہے جو سیرت کے اعتبار سے بہتر ہو، نہ کہ صرف صورت کے اعتبار سے بہتر۔ یہ تجربہ اتنا عام ہے کہ ہر آدمی اپنے قریب کے لوگوں میں اس کی مثالیں دیکھ سکتا ہے، بشرطیکہ اس کے اندر چیزوں کو حقیقت پسندانہ انداز سے دیکھنے کی صلاحیت موجود ہو۔