رمضان شکریہ ۔ پروین سلطانہ حناؔ
رمضان شکریہ
ماہِ مبارکہ تیرے آنے کا شکریہ
امّید مغفرت کی دلانے کا شکریہ
آباد ہوگئیں تیرے آنے سے مسجدیں
غافل دلوں کو رب سے ملانے کا شکریہ
رحمت بھی، مغفرت بھی ہے، راہِ نجات بھی
تقویٰ کے راستے پہ چلانے کا شکریہ
ہر سمت ہیں فراخیٔ روزی کی برکتیں
اور نعمتوں کے خوان سجانے کا شکریہ
کرتے ہیں سب ہی سحری و افطار ایک ساتھ
یکتائے عصر قوم بنانے کا شکریہ
دیتا ہے جاتے جاتے ہمیں عید کی نوید
روٹھے ہوئے دلوں کو ملانے کا شکریہ
رمضان کا موسم
اتر آتا ہے میرے گھر میں جب رمضان کا موسم
مجھے خود سے بھی ملنے کی ذرا فرصت نہیں ملتی
یہ روز و شب گزرتے ہیں سپاروں کی تلاوت میں
کسی جانب نظر ڈالوں، مجھے مہلت نہیں ملتی