Take a fresh look at your lifestyle.

قرآن کا شفا ہونا ۔ ابویحییٰ

سوال: کیا قرآن کریم کی کچھ مخصوص آیات کو تلاوت کرنے سے ہمیں جسمانی فوائد جیسے شفا یا صحت یابی مل سکتی ہے۔ مثلاً سورہ فاتحہ کی تلاوت سے تمام بیماریوں سے شفا حاصل ہوتی ہے یا سورہ بقرہ آیت نمبر 72-73 پڑھنے سے سینے کی تکالیف میں آرام آتا ہے۔ جیسا کہ میں سمجھتا ہوں تقریباً 70 سورتیں ایسی ہیں جن میں مختلف امراض سے شفاء حاصل ہوتی ہے۔ میں امید کرتا ہوں کہ آپ میرے سوالوں کا ضرور جواب دیں گے؟ (آزاد ۔اے۔شاہ)

جواب: قرآن انسانوں کے لیے کیا حیثیت رکھتا ہے، اسے قرآن پاک نے باقاعدہ موضوع بنا کر واضح کر دیا ہے۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے:
’’لوگوں تمھارے پاس تمھارے رب کی طرف سے نصیحت آگئی ہے۔ یہ وہ چیز ہے جو دلوں کے امراض کی شفا ہے اور جو اسے قبول کرلیں ان کے لیے رہنمائی اور رحمت ہے۔ اے نبیؐ، کہو کہ یہ اللہ کا فضل اور اس کی مہربانی ہے کہ یہ چیز اس نے بھیجی، اس پر تو لوگوں کو خوشی منانی چاہیے، یہ ان سب چیزوں سے بہتر ہے جنہیں لوگ سمیٹ رہے ہیں‘‘۔(یونس10:57-58)

یہاں واضح طور پر بیان کیا گیا ہے کہ قرآن کریم انسانوں کے لیے نصیحت، ہدایت اور رحمت ہے۔ ان آیات میں شفا کا جو ذکر ہے، وہ سینوں کے امراض سے متعلق ہے نہ کہ جسمانی امراض سے متعلق۔ جسمانی امراض کے لیے ڈاکٹر سے علاج کرانا چاہیے اور ساتھ میں اللہ تعالیٰ سے مدد مانگنی چاہیے۔ اس لیے کہ بندوں کو شفا وہی دینے والا ہے۔