Take a fresh look at your lifestyle.

بڑی عدالت ۔ ابویحییٰ

آخر کار ایون فیلڈ ریفرنس کیس میں نواز شریف کو دس، مریم نواز کو سات اور کیپٹن ْصفدر کو ایک برس کی سزا سنادی گئی۔جرمانہ اورجائیداد ضبط کیے جانے کی سزا اس کے علاوہ ہے۔نواز شریف کے مخالفین نے فیصلے پر جشن منایا جبکہ حامیوں نے اسے ظلم اور سازش قراردیا۔یہ سلسلہ جاری رہے گا کیونکہ اس دنیا میں مکمل حقائق کبھی سامنے نہیں آتے۔

مگر عنقریب ایک بڑی عدالت قائم ہونے والی ہے۔ یہ نواز اور مریم نواز جیسے بڑے لوگوں کے لیے ہی نہیں بلکہ ہر انسان کے لیے لگائی جائے گی۔ہم میں سے ہر شخص کو اس عدالت میں پیش ہونا ہوگا۔ اگر کوئی ظلم، کوئی فریب، کوئی حق تلفی اور کسی قسم کی کوئی برائی نامہ اعمال میں ہوگی تو خدا کی عدالت اپنا فیصلہ سنائے گی۔ مگر فیصلہ سنانے سے قبل ہر ثبوت پیش کیا جائے گا۔

ابو یحییٰ کی شہرہ آفاق کتابیں جس نے بہت سی زندگیاں بدل دیں

فرشتوں کا مرتب کیا ہوا مکمل ریکارڈ خدائی عدالت میں پیش ہوگا۔تنہائی میں کی گئی گفتگو سب کے سامنے سنادی جائے گی۔ خفیہ سازشوں اور مکر کی ہر کہانی اس طرح بے نقاب کی جائے گی کہ لوگ اپنی آنکھوں سے اسے دیکھیں گے۔دلوں کے بھید مکمل طور پر ظاہر کردیے جائیں گے۔کوئی مجرم اگر اس پر بھی اپنے جرائم سے منکر ہوگا تو اس کا منہ بند کرکے اس کے ہاتھ ، پاؤں ، جلد حتیٰ کہ اس کی زبان سے بھی اس کے خلاف گواہی دلواکر حق کے مطابق فیصلہ کردیا جائے گا۔

آج ہر شخص کی زبان پر نواز مریم کیس کا فیصلہ ہے، مگر لوگ یہ بھولے ہوئے ہیں کہ بہت جلد خدا ان کا فیصلہ بھی کرنے والا ہے۔ لوگوں کو اپنے فیصلے کے سنگین اور ابدی نتائج کا اندازہ ہوجائے تو وہ سیاست کو بھول کر اپنی توبہ اور اپنی اصلاح کا عمل شروع کردیں۔ مگر افسوس آج ہر شخص دوسروں کا محتسب بنا ہوا ہے اور اپنے آپ کو بھولا ہوا ہے۔خود اپنے ہاتھ اور زبان سے دوسروں کو تکلیف دیتا اور ان کی حق تلفی کرتا ہے۔ ایسے غافل لوگ خدا کی عدالت سے کبھی بری نہیں ہوسکتے۔